قوم نااہل حکمرانوں سے بیزار، تیار رہو ہم دوگنا مارچ لا رہے ہیں: فضل الرحمن
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے میرے خلاف دہشتگردی مقدمے کا اندراج الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی کہاوت کے مترادف ہے۔ حکومت کی اس وقت حالت تعفن پھیلاتی ہوئی لاوارث مردہ لاش کی سی ہے۔ اب دوبارہ ہماری تحریک اس کی تدفین کیلئے ہے۔ ہمیں دھرنے والے شیخ رشید پہلے بھی ہمارے دھرے جانے کی بات کرتے تھے۔ اکتوبر کے آزادی مارچ کے موقع پر ان کو بھارتی حملے کا خطرہ نظر آرہا تھا۔ اب انہیں حالات کی خرابی کا خدشہ ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمہ درج کرنے اور دھرے جانے کے بیان دینے والوں کی اوقات ہم جانتے ہیں۔ ایسی بات ہے تو میں حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ تیار رہو ہم پہلے سے بھی دوگنا بڑا مارچ لیکر آرہے ہیں۔ دیکھتے ہیں تم کیسے ہمیں روکتے ہو؟۔ قائد جمعیت نے کہا کہ پوری قوم موجودہ حکومت کو نااہل اور انکی ناکامی سے بیزار ہوچکی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور معاشی بحران خطرے کے نشان سے اوپر ہوچکے ہے۔ عوام سیخ پا اور ماتم کناں ہیں۔ حالات حکومت کے کنٹرول سے نکل چکے ہیں۔ ہم اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو مقدمات کی دھمکیاں دے کر ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اب میڈیا کو بھی دبانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ حکمراں چاہتے ہیں کہ حکومت کو زہر دیکر شہیدکہا جائے۔ ہم نے شروع دن سے یزید وقت کی بیعت سے انکار کیا ہے۔ اب بھی اس جعلی سلیکٹڈ نااہل اور ناکام حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور اسکے خلاف کھلا اعلان بغاورت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کو مدینہ کی ریاست کی آڑ میں چھپنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب موجودہ حکومت کے جھانسے اور دھوکے میں نہیں آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو کراچی میں سندھ کی تاریخ کا بڑا جلسہ کر کے حکومت کو بتا دینگے عوام ہمارے ساتھ ہے۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے چینی سفیر یاؤجنگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سی پیک منصوبے اور خطے کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن نے کرونا وائرس کے پھیلاو اوراور اس سے اموات پر افسوس اور متاثرین کے ساتھ ہمدری کا اظہارکیا۔