پی ایس ایل میلہ شروع، رنگا رنگ افتتاحی تقریب، فنکاروں کی شاندارپرفارمنس
کراچی+لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب سے ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ سال اپنے سفر کا اختتام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل کے انعقاد کیساتھ کیا تھا اور آج اس سفر کا دوبارہ آغاز پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے کر رہے ہیں۔ 2018 کے ایونٹ کا فائنل کراچی میں ہوا جس کے بعد 2019 کے ایڈیشن کے تمام میچز کراچی میں ہوئے جس کا کریڈٹ کراچی کے عوام کو جاتا ہے اور آج ہم کراچی میں افتتاحی تقریب کر رہے ہیں۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی دی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا کہ 17مارچ2019 کو وعدہ کیا تھا کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو گا اور وہ وعدہ آج پورا کردیا۔ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہو گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔اس موقع پر انہوں نے پاکستانی عوام، شائقین کرکٹ، سپانسرز، کرشل پارٹنرز اور میڈیا پارٹنرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کھیلوں کا برانڈ بن چکا ہے۔ حکومت پاکستان، صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کی حکومتوں کی مدد کے بغیر پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ناممکن ہوتا اور میں خصوصی طور پر سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی حکومت کا بھی مشکور ہوں۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور امید ظاہر کرتا ہوں کہ آپ خوشگوار یادوں کے ساتھ اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے اور امید ہے کہ ہم اگلے سال پھر آپ کا استقبال کریں گے۔تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف گلوکار اور کمپیئر فخر عالم انجام دے رہے ہیں۔اس کے بعد سٹیڈیم میں موجود بڑی سکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی۔اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس نے سٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔گلوکار استاد راحت فتح علی خان ‘ابرار الحق‘صنم ماروی،سوچ بینڈ اور فرید ایاز قوال نے تقریب میں صوفیانہ کلام پیش کیا جس کے بعد سجاد علی اور آئمہ بیگ نے فن کے جوہر دکھائے۔دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیدی ۔ اسلام آبادکی ٹیم 168رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔ ڈیوڈ میلان نے 64رنز بنائے ۔ محمد حسنین نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف سات وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ اعظم خان نے 59رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد موسیٰ نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔