وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیب تحریک انصاف کے وزیراعظم کا آلہ کار ہے، اگر نیب دوران تفتیش کسی کو گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم اور دیگر کو بھی کرے ۔کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، غیر قانونی حراست پر چیئرمین نیب کا ضمیر نہیں جاگتا، لگتا ہے کہ نیب بنی ہی پیپلز پارٹی والوں کے لیے ہے۔ ہمارے ملک میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیے الگ الگ قانون ہے، اگر نیب دوران تفتیش کسی کو گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم اور دیگر کو بھی کرے۔ اگر اہل خانہ کو حبس بے جا میں رکھنا جائز ہے تو عمران خان کے اہل خانہ کو بھی رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، آغا سراج کو کراچی میں بھی گرفتار کیا جاسکتا تھا لیکن یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ساری کارروائیاں راولپنڈی میں ہوگی، پنجاب کے کسی بھی رہنما کا احتساب سندھ میں نہیں ہورہا لیکن پیپلزپارٹی والوں کا احتساب اسلام آباد میں ہورہا ہے، ہم جب اس پر بات کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ سندھ کارڈ استعمال کررہے ہیں، نیب تحریک انصاف کے وزیراعظم کا آلہ کار ہے، چیئرمین نیب پی ٹی آئی کے وزرا سے ملاقاتیں کرتے ہیں، احتساب کے نام پر تماشا اور کھلواڑ کیا جارہا ہے، ہم اس کھیل کو جلد بے نقاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی مفرور تھے اور نہ وہ نیب کے چھاپوں سے بھاگ رہے تھے، یہ تاثر کیوں پیدا کررہے ہیں کہ سندھ کے خلاف کارروائیاں راولپنڈی اور اسلام آباد سے کی جارہی ہیں، ہم حکمرانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جان نہیں چھوڑی جارہی، ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے، اگر کسی اہلخانہ کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے تو پرویز خٹک اور علیم خان کے اہلخانہ کے ساتھ بھی کریں۔mk/ah
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024