پرائیویٹ سیکٹر عازمین حج کو مختلف پیکج کی پیشکش کرے گا
لاہور (اشرف ممتاز، دی نیشن رپورٹ) حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سربراہ وحید اقبال بٹ نے کہا کہ حکومتی سکیم کے تحت حج کرنے والے شہریوں کو اخراجات کا سنگل پیکج دیا جائے گا اور وہ 42 دن وہاں قیام کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا پرائیویٹ حج سیکٹر عازمین حج کو ان کے وسائل کے مطابق کئی پیکج کی پیشکش کرے گا۔ پرائیویٹ سکیم کے تحت ایک شخص 13 روز میں بھی مذہبی ذمہ داریاں پوری کر سکے گا اور جن کے پاس وقت ہے وہ 40 روز وہاں مختلف مقامات کی سیر کر سکیں گے۔ اسی طرح جن لوگوں کے پاس وسائل ہیں وہ اپنی مرضی سے سہولیات لے سکیں گے۔ اس وقت ملک میں ایسوسی ایشن کے 804 ارکان ہیں جو 76,184 افراد کو ہینڈل کریں گے۔ حکومت کو بطور ریگولیٹری باڈی اپنا کردار محدود کرنا چاہئے۔ حج اخراجات کم کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کو لمبی مدت کی پالیسی بنانی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا جو عازمین حج ہمارے کسی رکن کے ہاتھوں فراڈ کا شکار ہونگے پرائیویٹ سیکٹر ’’فنڈز‘‘ کے تحت ان کے اخراجات برداشت کرے گا۔