این ایف سی ایوارڈ: پنجاب ، سندھ ، خیبر پی کے کو ہدف سے 95.73ارب کم ملے
لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ (جولائی سے دسمبر) کے دوران 3 صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں مقررہ ہدف سے 95.73 ارب روپے کم فراہم کئے گئے جبکہ بلوچستان کو ہدف سے 6.445ارب روپے زائد ملے۔ رواں مالی سال کے بجٹ دستاویز کے مطابق پہلے 6ماہ کے لئے چاروں صوبوں کا قابل تقسیم محاصل کے تحت حصہ 12.95کھرب روپے فراہم کیا جانا تھا لیکن اس کے مقابلے میں وفاق نے صوبوں کو 11.99 کھرب روپے فراہم کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ میں ٹیکس وصولی میں 173ارب روپے کے شارٹ فال کے باعث این ایف سی کے تحت صوبوں کے حصے میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق قابل تقسیم محاصل کے تحت صوبوں کو فراہم کئے جانے والے مجموعی فنڈز میں سے صوبہ پنجاب کو 5.83کھرب روپے ملے جبکہ بجٹ دستاویز کے مطابق پنجاب کا حصہ 6.41کھرب روپے بنتا ہے۔ سندھ کو 2.98کھرب روپے ملے جبکہ بجٹ دستاویز کے مطابق سندھ کا حصہ 3.24 کھرب روپے بنتا ہے۔ خیبر پی کے کو 1.96کھرب روپے ملے جبکہ بجٹ دستاویز کے مطابق خیبر پی کے کا حصہ 2.13کھرب روپے بنتا ہے۔ اسی طرح بلوچستان کو 1.23کھرب روپے ملے جبکہ بجٹ دستاویز کے مطابق بلوچستان کا حصہ1.16کھرب روپے بنتا ہے۔