کشمیریوں کے پاس بھارت کیلئے نفرت کے سواکچھ نہیں:پرویز ملک‘خواجہ عمران نذیر
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اورایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان پر حملے کا سوچے بھی نہ ورنہ بھارت کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ کشمیریوں کے دل میں ہندوستان سے نفرت کے علاوہ کوئی جذبہ نہیں ہے۔ کشمیریوں کے خلاف بھارتی وزیراعظم مودی اور را کی ایما پر پرتشدد کارروائیاں، کشمیری طلباء پر تشدد جموں میں مسلمان کشمیریوں کے خلاف منظم حملے انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ ہندوستان نے چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا، ہزاروں اپاہج بنا دئیے، ہزاروں غائب ہیں اور اتنے ہی جیلوں میں قید ہیں، بہادر کشمیری پوری طرح تیار ہیں۔ بھارتی فوج گیدڑ بھبکیاں نہ دے جنگ کوئی کھیل نہیں ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک،غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز،سید توصف شاہ،شفقت حسین پاندہ،میاںمرغوب،چوہدری،سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ حکمران انتقامی سیاست میں اندھے ہو چکے ہیں۔