پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں کریک ڈائون کررہے ہیں:آئی جی
لاہور (نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ پنجاب میں رہنے والے ایک ایک بچے کی جان اور مال کی حفاظت پر مامور پنجاب پولیس کے جوان دن رات اپنی کاوشوں میں مصروف ہیں اور پتنگ بازی کرنے ، اس کو بیچنے اور موت کے سودے کرنے والوں کے خلاف صوبے بھر میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں تمام فیلڈ افسروں سے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹس منگوائی جارہی ہیں تا کہ اس کی بنیاد پر اس کریک ڈاؤن کو مزید بہتر بنا کر صوبے کے عوام میں تحفظ کے احساس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ کے مختلف ضلعوں سے موصول ہونے والی اینٹی کائیٹ فلائنگ کریک ڈاؤن رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی نے موصول ہونے والی رپورٹس کے بارے میں آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 6ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران 3038افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ دھاتی ڈور استعمال کرنے والوں میں 3447افراد ملوث پائے گئے اور 3435کو گرفتار کیا گیا جبکہ 1387کے خلاف چالان مکمل کر لیے گئے۔