سینٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا پلاسٹک کے کم سے کم استعمال پر زور
اسلام آباد (خبر نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے پلاسٹک کے کم سے کم استعمال پر زور دیتے ہوے ٔ آئندہ کے اجلاسوں میں پلاسٹک کی بوتلوں کی بجائے کانچ کی بنی ہوئی بوتلوں میں پانی دینے کی ہدایت کردی ہے ۔کمیٹی نے پارلیمان کو پلاسٹک فری بنانے کی بھی پر زور سفارش کی ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کو وزارت موسمیاتی تبدیلی کے دائر ہ کار میں لایا جائے۔ اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر ستارہ ایاز کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔ کمیٹی نے موسمیاتی تبدیلوں کی وزارت کے ملازمین کے حوالے سے کہا کہ وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کا کام انتہائی اہم ہے تاہم ملازمین کی تعداد کم ہونے کے باعث کارکردگی پر برا اثر پڑ رہا ہے۔