پاک سوئس: جائیدادوں کی تفصیلات کے تبادلے کا معاہدہ
سوئٹزر لینڈ کابینہ نے پاکستان کے ساتھ معاہدے کی توثیق کر دی ۔ معاہدے کے تحت دونوں ملک معلومات کا تبادلہ کرسکیں گے۔ منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے معاہدے کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کا اطلاق 29 نومبر 2018ء کے بعد کی معلومات پر ہو گا۔ سوئٹزر لینڈ بینک، مالیات اور جائیداد کی معلومات دے گا۔
پاکستان سے وسائل لوٹ کر مغربی اور امارات جیسے ممالک میں جائیدادیں خریدی جاتی رہیں اور اکائونٹس کھلوائے جاتے رہے۔ سوئٹزر لینڈ کے بنک اس ’’کارِخیر‘‘ میں سرِفہرست رہے ہیں۔ گزشتہ دور میں سوئس اکائونٹس میں پاکستانیوں کے دو سو ارب ڈالر کی بازگشت سنائی دیتی رہی مگر اب تک کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ سوئٹزر لینڈ حکومت کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ مناسب اور اطمینان بخش ہے جس کی سوئٹزر لینڈ کابینہ کی طرف سے توثیق پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ اکائونٹس ا ور جائیدادوں کی معلومات سامنے آنے پر آسانی سے جائز اور ناجائز کا تعین ہو سکے گا۔ معاہدے کا اطلاق گزشتہ سال کے آخر سے ہو گا۔ اس سے مستقبل میں سوئس اکائونٹس میں ناجائز ذرائع سے بنائے گئے اثاثے منتقل کرنے کی حوصلہ شکنی ہو گی۔