دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے نت نئے مسائل اور دہشت گردی نے دنیا کا چہرہ بدل دیا ہے نائن الیون کے بعد کئی علاقائی تصادم شروع ہوئے اور معاشی زوال شروع ہوا مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء حالیہ تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ عراق کی جنگ میں ، میں نے دیکھا کہ لاکھوں افراد جاں بحق ہوئے اور انفراسٹرکچر مکمل طورپر تباہ ہوا۔ اس کے بعد ’’عرب سپرنگ‘‘ کی تحریک شروع ہوئی جس کے نتیجے میں مصر کے صدر حسینی مبارک کا اقتدار ختم ہوا۔
میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ عرب سپرنگ جسے ’’بہار عرب‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے سے مشرق وسطیٰ میں کئی منفی تبدیلیاں رونما ہوئیں کئی مسلمان ملکوں پر اس کے خراب اثرات مرتب ہوئے یہ اثرات کافی عرصہ تک جاری رہیں گے۔ سعودی عرب کی طرف سے شروع کی گئی کوششوں سے مسلمان ممالک پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔
سعودی عرب نے ایک بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں مزید تباہی کو روک دیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا۔ انہوں نے ایک نئی ٹیم تشکیل دی جس کا سعودی عوام کے لیے ایک اچھا ویژن ہے۔مجھے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کا موقع ملا۔ یہ ملاقات شاہ عبداللہ کی طرف سے دئیے گئے ایک ڈنر پر ہوئی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز میرے ساتھ تشریف فرما تھے۔ یہ ڈنر رائل پیلس میں دیا گیا تھا مجھے شاہ سلمان ایک دانش مند‘ نرم مزاج شخصیت لگے۔
ولی عہد محمد بن سلمان کی تقرری ایک دانش مندانہ فیصلہ ہے۔ کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے جلد ہی ملکی اور بین الاقوامی امور کے بارے میں انڈرسٹینڈنگ کو مستحکم کر لیا ہے۔ دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی سلطنت میں اپنی ترجیحات کا ازسرنو تعین کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے۔ ان اقدامات میں معاشی اصلاحات اور کفایت شعاری کے اقدامات شامل ہیں۔ کرپشن کے خلاف مہم نے بعض اہم شخصیات کواحتساب کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔
کراؤن پرنس محمد بن سلمان کا ’’ویژن 2030‘‘ کے پس منظر میں متحرک کردار بھی تیل پر انحصار ختم کرنے کے لیے سلطنت سعودی عرب نے اپنی طویل المدت ایجنڈے پر کام شروع کیا ہے جو عالمی مارکیٹ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کی طرف سے یہ اہم پیشرفت تھی۔ سعودی سلطنت نے مذہبی پولیس کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے کامیابی سے اقدامات اٹھائے۔ سعودی عرب نے خواتین کو بااختیار بنانے کا عمل شروع کیا اس کے نتیجے میں ایک سعودی خاتون نے سٹاک ایکسچینج میں اعلیٰ ترین پوزیشن حاصل کرلی۔ سب سے اہم قدم یہ تھا کہ خواتین پر ڈرائیونگ کی پابندی ختم کی گئی، 2017ء میں اٹھائے جانے والے اس اقدام سے خواتین کا اعتماد بڑھ گیا۔ کئی انتظامی و اصلاحات کے نتیجے میں سعودی عرب ایک اعتدال پسند جدید اسلامی ریاست بن رہی ہے۔
گزشتہ برس نومبر میں کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پہلا نیوکلیئر ری ایکٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اگلے بیس برس میں سعودی عرب دس سالہ نیوکلیئرری ایکٹر تعمیر کرے گا واضح رہے کہ سعودی عرب وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔
ہمیںیہ بھی یاد رہے کہ اس خوشی میں سعودی عرب نے ایک لاکھ بیرل تیل ماہانہ بنیادوں پر پاکستان کو فراہم کرنا شروع کیا۔ سعودی عرب میں ٹیکسوں کی آمدنی بڑھانے اور زرتلافی کے خاتمے‘سرمایہ کاری میں تبدیلیاں کرکے سعودی عرب نے 2 ٹریلین ڈالر کا ایک فنڈ قائم کرلیا۔ معاشی ترقی کے لیے کئی سخت اقدامات اٹھائے گئے۔ بچت کے اقدامات سے اخراجات میں کمی آگئی سرکاری ملازمین کو کئی مالی فوائد بھی دئیے گئے۔ میرے خیال میں سعودی عرب نے حال ہی میں جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کا مشرق وسطیٰ پر مثبت اثر مرتب ہوگا اور ان ملکوں میں گورننس کا جدید نظام وجود میں آئے گا ان ملکوں کا سماجی اور سیاسی ڈھانچہ بھی تبدیل ہوگا سعودی عرب نے نوجوانوں کو انتہا پسندی سے دور رکھنے کے لیے بہترین پروگرام مرتب کیا ہے۔
اسلامی اتحاد فورس کا قیام ایک اچھا اور مثبت فیصلہ ہے۔ میں نے اپنے ایک ڈرافٹ میں تجویز دی تھی کہ اسلامی فورس کی تعداد بڑھائی جائے اور ان اسلامی ملکوں کی مدد کے لیے جہاں داخلی اور خارجی خطرات ہیں اس اسلامی فوج سے مدد لی جائے اس اسلامی فورس میں مسلمان ملکوں کے فوجی دستے شامل کئے جائیں۔
توقع ہے کہ جنرل راحیل شریف مذکورہ بنیادوں پر اسلامی فورس کو تشکیل دیں گے ۔ اس وقت اسلامی دنیا کے لیے سب سے بڑا چیلنج داعش کو شکست دینا ہے یہ تنظیم وقت کے ساتھ انتہائی خطرناک ہو جائے گی۔ میری تجویز ہے کہ کراؤن پرنس محمد بن سلمان افغانستان میں قیام امن کے لیے فریقین کو ایک میز پر بٹھائیں تاکہ افغانستان میں امن اور استحکام آ سکے ۔
میری کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے اپیل ہوگی کہ وہ بھارتی حکومت خاص طور پر وزیراعظم مودی پر اپنا اثرورسوخ استعمال کریں اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوائیں۔ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ سعودی عرب اسلامی دنیا کومستحکم بنانے کے لیے اسلامی ملکوں کے اختلافات ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرے ایران کو بھی اپنے تحفظات ختم کرکے اسلامی امہ کے اتحاد کے لیے کوششیں کرنا چاہئیں۔
سعودی عرب ہمیں بہت عزیز ہے۔ سعودی عرب ہمارا بڑا بھائی ہے اس ملک میں ہمارے مقدس حرمین شریفین ہیں ہمارے سعودی عرب سے قریبی اور برادرانہ دوطرف تعلقات ہیں سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ حال ہی میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور کراؤن پرنس نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ۔ مجھے شاہ فیصل کا 1974ء میں اسلامی سربراہ کانفرنس کے وقت پاکستان کا دورہ یاد ہے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024