نوجوان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کا استعمال کریں،برجیس طاہر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل طلباء وطالبات مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز سے اُجاگر کرنے کے لیے الیکٹرانک و سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال عمل میں لائیں۔ وہ گورنمنٹ ماڈل کالج فارگرلز ایف سیون ٹو میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کالج کی طالبات اور اساتذہ کرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ آج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی تیسری نسل کے نمائندے اور نوجوان طلباء وطالبات حق خود ارادیت کی جدوجہد کو پورے جوش وجذبے سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس عظیم مقصد کے لیے دن رات اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ برہان مظفر وانی جیسے مقبوضہ کشمیر کم عمر اور پڑھے لکھے نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی پیش کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بہادر وغیور کشمیری نوجوان بھارتی آٹھ لاکھ فوج کی موجودگی سے بے خوف ہو کر پاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار کیئلیے سبز ہلالی پرچم لہرانے میں اور شہدا ء کو سبز ہلالی پرچم میں ہی دفن کیا جاتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ چند سابق بھارتی فوجی جرنیل اور سفارت کار بھی کشمیریوں کے اس عزم کو دیکھتے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں اور بھار ت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی پرُا من جدوجہد کو نہیں دبا سکتا اور یہ کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کا راستہ اپنانا پڑے گا۔سابق وزیر اعظم محمدنوازشریف نے چار مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فورم پر یہ واضح کیا کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر نہ تو پاکستان اور بھارت کے تعلقا ت معمول پر آسکتے ہیں اور نہ ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے طالبات میں موجود آگاہی پر اُن کی صلاحیتوں پر داد پیش کی۔تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر نے ہونہار طالبا ت میں انعامات تقیسم کیے۔