آئین میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،ممتاز حسین تارڑ
اسلام آباد (خبر نگار)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ممتاز حسین تارڑ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو بلاتفریق تمام بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور آئین پاکستان بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے، پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق اہم بین الاقوامی کنونشنزکی توثیق بھی کی ہے، حکومت پاکستان نے 2016ء میں انسانی حقوق سے متعلق نیشنل ایکشن پلان شروع کیا، خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالہ سے اہم قانون سازی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پیر سے شروع ہوئی۔ آئین پاکستان میں جنس، نسل، رنگ اور مذہب کی تفریق کئے بغیر تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق اہم بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق بھی کی ہے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات بھی کئے ہیں۔ 18ویں آئینی ترمیم کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت انسانی حقوق نے وفاقی اور صوبائی سطح پر ان کنونشنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے انسانی حقوق کیلئے 2016ء میں نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ایکشن پلان کے تحت دی گئی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 750 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح 250 ملین روپے ہوم رائٹس انسٹی ٹیوٹ کے قیام جبکہ 100 ملین روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد متاثرین کی معاونت کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت خواتین، بچوں، اقلیتوں اور معذور افراد کو معاشی، سیاسی، اقتصادی حقوق اور ان کو قانونی طور پر بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے،