مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال‘ پوسٹ گریجویٹ کالج کو فعال کیا جائے‘ شیخ رشید
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال و پوسٹ گریجویٹ کالج کو فعال کرنے کے لئے درخواست دائر کر دی ہے ، منگل کے روز شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مدر اینڈ چائلڈہسپتال پر ایک ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہوچکی ہے۔ ہسپتال کی تعمیر تقریبا مکمل ہے، پوسٹ اینڈ گریجویٹ کالج کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں منصوبے میرے بطور وفاقی وزیر دور میں بنائے گئے، ن لیگ نے اپنی حکومت میں ان منصوبوں کو لاوارث چھوڑ دیا، دونوں منصوبوں کے تزئین و آرائش کے فنڈز بھی موجود ہیں، فنڈز کی موجودکے باوجود منصوبوں کو فعال نہیں کیا جارہا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کو دونوں منصوبے فوری فعال کرنے کی ہدایت کی جائے۔شیخ رشید احمد آج نیب ہیڈ کوارٹرز میں این ایل جی کے خلاف درخواست جمع کرائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہیں یہ درخواست جمع کرانے کی ہدائت سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کی تھی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ بدھ کو دن ساڑھے بارہ بجے نیب ہیڈکوارٹرز درخواست جمع کرانے پہنچیں گے۔