گلگت میں اکادمی ادبیات کا دفتر علمی و ادبی مرکز کاکام دے گا عرفان صدیقی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ گلگت میں اکادمی ادبیات کا دفتر ایک اہم علمی، ادبی اور ثقافتی مرکز کا کام کرے گا۔ یہ بات انہوں نے گلگت بلتستان کے وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے مگزشتہ روزقومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ اکادمی ادبیات کا دائرہ شمالی علاقہ جات تک پھیلانے کا بنیادی مقصد اس علاقے کے ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور اہل علم کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چالیس برس تک اکادمی ادبیات صرف اسلام آباد اور چار صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رہی لیکن اب اس کا دائرہ ملتان، دادو، مظفرآباد، گلگت اور فاٹا تک بڑھادیا گیا ہے جو ایک بڑی پیشرفت ہے۔ وزیراعلی حفیظ الرحمن نے مشیر وزیراعظم کا شکریہ اداکیا کہ گلگت میں اکادمی ادبیات کا دفتر قائم کیاجارہا ہے۔ انہوں نے عرفان صدیقی کو اکادمی دفتر کی تعمیر کے سلسلے میں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔