شیطانی قوتیں پاکستانی ناکہ بندی کے منصوبے بنا رہی ہیں،حامد موسوی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپریم شیعہ علماء بور ڈ کے سرپرست اعلیٰ و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ شیطانی قوتیں پاکستان کی ناکہ بندی کے منصوبے بنا رہی ہیں جبکہ پاکستانی سیاستدان حکمرانوں کو اپنے کاموں سے فرصت نہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ، اہل سیاست غرناطہ وبغداد کی تاریخ کو فراموش مت کریں حکومتیں وسینیٹ کی نشتیں پاکستان کے دم قدم سے ہیں مادر وطن کے تحفظ کو ترجیح دیں تاریخ میں سربلند رہیں گے،پاکستان کو تنہا کرنے کیلئے چانکیہ کے چیلے مودی نے پوری دنیا کو بے وقو ف بنا رکھا ہے بیک وقت اسرائیل ،سعودی عرب، ایران اور امریکہ اس کے بیسٹ فرینڈ ہیں عالم اسلام لیڈر شپ کے قحط سے دوچار ہے ،جو کام ہمارے حکمرانوں کو کرنے چاہئے تھے وہ سفارتی چابکدستیاں مودی دکھا رہا ہے ، دہشت گردی واچ لسٹ کا ہوا محض پاکستان کو گھیرنے کا ڈرامہ ہے پاکستان کی ایٹمی ٹیکنالوجی اورسی پیک منصوبے نے دشمنوں کی نیندیں حرام کررکھی ہیں ، خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا ؑ نے حق سے کبھی دستبردار نہ ہونے کا درس دیا، ام المومنین حضرت عائشہ کے بقول رسول خداؐ کی محبوب ترین ہستی حضرت فاطمہ زہرا ؑ ہیں جن کی ناراضگی کو نبی کریم ؐ نے اپنی ناراضگی قرار دیا، حضرت فاطمہ زہراؑ کی بدولت خواتین کو حقوق حاصل ہوئے ، خواتین سیرت فاطمیہؑ پر عمل کرکے مغربیت کے سیلاب کا مقابلہ کرسکتی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شبیہ رسول ؐ خاتون جنت شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم شہادت کے موقع پر عزائی اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔