پاکستان ڈرگز سے متاثرہ ملک، افغانستان سے سمگل ہو نیوالی ڈرگز بڑا چیلنج ہے اقبال محمود
اسلام آباد( خصوصی نمائندہ )نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کے شعبہ ابلاغ عامہ اوروزارت نارکوٹکس کنٹرول کے باہمی تعاون سے یونیورسٹی میں منشیات کی روک تھام کے حوالےسے ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی فیڈرل سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول اقبال محمودتھے جبکہ دیگر میں ریکٹر نمل میجر جنرل (ر)ضیا الدین نجم، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر محمد ابراہیم،ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈئیر صغیر کامران صدر شعبہ ابلاغ عامہ مفتی جمیل الدین ،صدور شعبہ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔فیڈرل سیکرٹری اقبال محمود نے کہا کہ پاکستان ڈرگز سے متاثرہ ملک ہے اور افغانستان سے سمگل ہو کر پاکستان پہنچنے والی ڈرگز ملک کیلئے بڑا چیلنج ہے، وزارت نارکوٹکس کنٹرول اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر اس خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں ،لیکن وسائل کی کمی کے باعث اتنے بڑے بارڈر، بندر گاہوں، ائیر پورٹس اور سمندر میں موجود ہزاروں کشتیوں کی نگرانی آسان کام نہیں، پاکستان نے رواں سال اربوں روپے کی منشیات سمگلنگ پکڑی ہے ۔