سیاسی صورتحال کے پیش نظر ٹورازم سمیت دیگر انڈسٹری تباہ ہورہی ہے، بشیر شیخ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان ٹورازم پروموشن کونسل کے چیئرمین بشیر اے شیخ نے ملک میں بگڑتی ہوئی سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و قوم پر رحم کھائیں اور ملک و قوم کا مزید تماشا بنانے سے گریز کریںکیونکہ اس سے نہ صرف اندرون ملک میں ٹورازم سمیت دیگر انڈسٹری تباہ ہورہی ہے بلکہ بیرون ممالک میں ملک کی ساکھ متاثر ہورہی ہے اور بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانی لوگوں کو انتہائی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز منگل کو کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وزارت ٹورازم کی طرف سے اسلام آباد کی ہوٹل انڈسٹری کیلئے نت نئے مسائل پیدا کرنے کی شدید مذمت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ اس سے ٹورازم ترقی کی بجائے تباہی سے ہمکنار ہوگا۔ پاکستان ٹورازم پروموشن کونسل کے چیئرمین بشیر اے شیخ نے واضح کیا کہ اگر ان اداروں نے فوری طور پر اپنی روش تبدیل نہ کی تو پی ٹی پی سی بھرپور انداز میں احتجاج کرے گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری ان اداروں پر عائد ہوگی۔