پاکستان سکاؤٹس ایسوسی ایشن وروورنگ کی 100سالہ تقریبات
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) اسکاؤٹنگ کے سینئر سیکشن روورنگ کی سوسالہ تقریبات کے سلسلہ میں دنیا بھر میں مختلف پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پاکستان بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشننے بھی کئی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ اس دوران نیشنل یوتھ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ پاکستان بھر کے نمائندہ سکاؤٹس نوجوان اس کے ممبر منتخب کئے گئے ہیں۔ نیشنل یوتھ کونسل بننے کے بعد اس کا تعارفی اجلاس 21 فروری کو منعقد کیا جائے گا۔ اسی روز پاکستان کی تمام برانچ سکاؤٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندہ نوجوان قومی اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے تاکہ وہ پارلیمنٹری سسٹم اور قانون سازی کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل کرسکیں۔ نیشنل یوتھ کونسل کا افتتاحی اجلاس فاؤنڈرز ڈے کے موقع پر 22فروری کو نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران یوتھ کونسل کے آئین ، قواعد و ضوابط کی منظوری بھی دی جائے گی۔ بوائے سکاؤٹس کی نیشنل یوتھ کونسل کے اختتامی سیشن سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین عبدالقہار ودان بھی خطاب کریں گے۔ بانی سکاؤٹ تحریک لارڈ بیڈن پاول کے یوم پیدائش (فاؤنڈرز ڈے) کے حوالے سے ایک اور اہم تقریب گولڈن سرکل کا اجلاس بھی ہے۔ گولڈن سرکل ان ہونہار سکاؤٹس پر مشتمل ایک گروپ ہے جنہوں نے اپنی سکاؤٹ سروس کے دوران صدارتی طلائی تمغہ حاصل کیا ہو۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے گولڈن سرکل کے ممبران نہ صرف اپنے تجربات اور خدمات سے نوجوان سکاؤٹس کو آگاہ کریں گے بلکہ شخصیت کی تعمیر اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے ان کے کردار کے سلسلہ میں رہنمائی بھی کریں گے۔