پی ایس ایل 3 ٹرافی کی رونمائی ، تمام کپتانوں کی شرکت
دبئی (آئی این پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی، تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام چھ ٹیموں نے شرکت کی۔دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی خصوصی باکس میں بند ٹرافی کو ہیلی کاپٹر سے اٹھا کر تقریب میں لائے اور اسٹیج پر رکھا، ان کے ساتھ دیگر ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے۔ بہترین بیٹسمین، بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر کو بھی ٹرافیز دی جائیں گی جنہیں پاکستان کے لیجنڈری پلیئرز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی ٹرافی ڈیزائن کرنے پر سوروسکی کا شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد انہوں نے لیگ کے تمام چھ ٹیموں کے قائدین کا تعارف کراتے ہوئے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے ان کا اور فرنچائز کے مالکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سب سے پہلے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے ہر گھر میں بستے ہیں اور پاکستان میں ایک سپر اسٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں لیگ میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔اس کے بعد انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد کے قائد مصباح الحق کا تعارف کراتے ہوئے مصباح الحق ایک انتہائی منفرد انسان اور اپکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔اس کے بعد انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم کا تعارف کاتے ہوئے کہا کہ میک کولم کسی تعارف کے محتاج نہیں اور پوری دنیا ان کی قائدانہ صلاحتوں کی معترف ہے اور ہم پی ایس ایل میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کولم کی شکل میں نمائندگی پر بہت خوش ہیں۔نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے قائد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی جتا کر تاریخ رقم کی اور پاکستان بھر کے شائقین کے شہروں پر خوشیاں بکھیریں اور ہمیں امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک اور کراچی کنگز کے نئے کپتان عماد وسیم کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بھی داد و تحسین سے نوازا۔پی ایس ایل ٹرافی کے ساتھ
ساتھ بہترین بالر، بیٹسمین اور وکٹ کیپر کی ٹرافی کی بھی رونمائی کی گئی۔دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم اور نئی ٹیم ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا میلہ 22 فروری سے سجے گا۔ ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ دو پلے آف لاہور جبکہ فیصلہ کن معرکہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایڈیشن کا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی ٹیم کو اپنی مہم کا آغاز افتتاحی روز ملتان سلطانز کیخلاف میچ سے کرنا ہے۔