ہائر ایجوکیشن فٹبال چیمپئن شپ آغا خان یونیورسٹی نے جیت لی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) آغا خان یونیورسٹی نے ہمدرد یونیورسٹی کراچی کے زیر اہتمام ایچ ای سی فٹبال چیمپئن شپ زون جیت لی ہمدرد یونیورسٹی کے فٹبال گرائونڈ پر منعقدہ ایونٹ میں کراچی کی 15 سرکاری و نجی جامعات کی فٹبال ٹیموں نے شرکت کی۔ کوالیفائنگ اور کوارٹر فائنل رائونڈز کھیلنے کے بعد سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی آئی بی اے جامعہ کراچی اور آغا خان یونیورسٹی کی ٹیموں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ پہلے سیمی فائنل میں مکمل دورانیئے اور اضافی وقت میں میچ برابر رہنے کے بعد آغا خان یونیورسٹی نے سابقہ چیمپئن کراچی یونیورسٹی کو پنالٹی ککس پر شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں آئی بی اے نے سرسید یونیورسٹی کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے ابتدا سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پر حملے جاری رکھے لیکن مقررہ وقت اور پھر اضافی وقت میں بھی مقابلہ برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس کے ذریعے آغا خان یونیورسٹی نے وننگ ٹرافی حاصل کی۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر بی اے اور آغا خان یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس اور اسپورٹس آفیسرز کے علاوہ ہمدرد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس شا میر خٹک بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن شیخ الاجامعہ‘ ہمدرد یونیورسٹی نے انعامات تقسیم کئے۔