ن لیگ گالم گلوچ بریگیڈ بن گئی وزیراعظم بھی حصہ بن گئے: اعتزاز احسن
اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہے‘ مسلم لیگ (ن) گالم گلوچ بریگیڈ بن گئی ہے‘ تشویش کی بات یہ ہے کہ وزیراعظم بھی اس بریگیڈ کا حصہ بن چکے ہیں‘ وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ان کو کئی معاملات میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا‘ چور اچکے کی کہیں بھی بات ہو تو مریم اسے اپنے بابا کے اوپر لے لیتی ہے‘ مریم نواز کو یقین ہے کہ چور ڈاکو کو للکارا جائے تو سمجھو ان کے والد کا نام لیا جارہاہے۔ وہ منگل کو یہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گالم گلوچ بریگیڈ بن گئی ہے نواز شریف اور مریم نواز بھی اس بریگیڈ کا حصہ ہیں۔ دونوں نے مسلم لیگ (ن) کے ماموں‘ چاچوں پر بہت دبائو ڈال دیا ہے۔ کچھ ماموں چاچوں کو ٹرک سے اتار کر سڑک پر پھینک دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی اسی ٹرک پر دوبارہ سوار ہونا چا رہے ہیں۔