کینیڈین وزیر اعظم کو بھارت میں پذیرائی نہ مل سکی
نئی دہلی (نوائے وقت نیوز)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سات روزہ سرکاری دورے پر بھارت میں ہیں۔ نریندر مودی کی حکومت انہیں وہ اہمیت نہیں دے رہی جتنی دی جانی چاہئے۔ میڈیا نے وزیراعظم سے ایسے سلوک پر ہنگامہ اٹھا دیا۔ بھارت کے سات روزہ سرکاری دورے پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ہفتے کی رات جب دہلی پہنچے تو مودی جی یا کسی سینئر وزیر کے بجائے استقبال کرنے کے لئے ہوائی اڈے پر ایک جونیئر وزیر موجود تھے اور ان تین دنوں میں ٹروڈو اپنے بیوی بچوں سمیت آگرہ کے تاج محل اور گجرات کے شہر آحمد اباد کے گاندھی آشرم کی سیر ہی کی ہے۔ بھارتی میڈیا نے اس سوتیلے بچوں جیسے سلوک کا نوٹس لے لیا اور سوال اٹھایا کہ اب تک کسی سینئر وفاقی وزیر یا عہدیدار نے ان سے کیوں ملاقات نہیں کی اور تجزیہ کاروں نے خود ہی اس کی وجہ بھی بیان کر دی۔ ہو سکتا ہے اس کی وجہ جسٹن ٹروڈو کی کابینہ میں شامل وہ چار سکھ وزراء ہو سکتے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی ہمدردی خالصتان کی تحریک آزادی کے ساتھ رہی ہے۔