3 کے سوا تمام شوگر ملز کھول کر کسانوں کو گنے کی180 روپے من قیمت دی جائے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے تین کے سوا تمام شوگر ملز کو کھولنے اور کسانوں کو 180 روپے فی من ریٹ دینے کا حکم دے دیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جائے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے گنے کے سیزن میں شوگر ملز بندش اور کاشتکاروں کو 180 روپے فی من ریٹ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔ درخواستوں میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ گنے کے سیزن میں شوگر ملز بند رکھی ہوئی ہیں اور کسانوں کو 180 روپے فی من کی ریٹ سے کم میں ادائیگی کی جا رہی ہے جو کسانوں کا معاشی قتل ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ شیڈول کے مطابق ملز نہ کھولنا اور کسانوں کو گنے کی کم قیمت دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ تین ملز وہی ہیںجن کو لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ملز منتقلی کیس میں بند کرنے کا حکم دیا تھا جس سے متعلق مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت نے حکومت پنجاب اور کین کمشنر کو حکم دیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر پنجاب بھر میں کسانوں سے180روپے فی من گنے کی خریداری کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت عالیہ نے کین کمشنر کا پاس کیا گیا آرڈر اور پنجاب حکومت کے جمع کرائے گئے جواب کو بھی مسترد کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے جماعت اسلامی کی طرف سے پنجاب بھر کے کسانوں کے جمع کرائے گئے بیان حلفی کو بھی فیصلے کا حصہ بنا دیا ہے۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کسانوں کی فتح ہے۔ جماعت اسلامی انشاء اللہ اس سلسلے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔