فیصل آباد: 58 شاپنگ مالز کے سینکڑوں خواتین ٹرائی رومز غیر محفوظ قرار دیدیئے گئے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر گارمنٹس شاپس کے ٹرائی رومز کی چیکنگ کے لئے قائم کردہ 6رکنی کمیٹی نے 58شاپنگ مالز کے سروے کے بعد اپنی رپورٹ میں متعدد دکانوں کو ٹرائی رومز کی دیواروں میں سوراخ، چھتوں کی پیچیدہ بناوٹ، ریکارڈنگ کے لئے مواد رکھنے کے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے جبکہ تمام دکانوں اور برانڈز کے ذمہ داران کو معاملات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر انہوں نے ان ہدایات پر عمل نہ کیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ فیصل آباد کے سب سے پوش علاقہ حبیب جالب روڈ نزد پیپلزکالونی ڈی گراؤنڈ پر واقع ایک معروف برانڈ کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے کی تنصیب پر ایک خاتون کی شکایت اور مقدمے کے اندراج کے بعد شہریوں کے شدید احتجاج اور مطالبے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی طرف سے حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر بھر کے 58شاپنگ مالز کے ٹرائی رومز کی چیکنگ کے لئے چھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی نے تمام شاپنگ مالز میں واقع مختلف برانڈز کے ٹرائی رومز اور دیگر گارمنٹ شاپس کے ٹرائی رومز کی چیکنگ کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کئی ٹرائی رومز کی دیواروں میں سوراخ موجود ہیں جس پر کئی شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں جبکہ کئی مقامات پر ٹرائی رومز میں کچن بھی قائم کئے گئے ہیں اسی طرح کئی ٹرائی رومز کی چھتوں کی بناوٹ اس قدر پیچیدہ ہے کہ یہاں خفیہ کیمروں کی تنصیب اور ریکارڈنگ کے لئے مواد رکھا جا سکتا ہے۔ معائنہ ٹیم نے ایسی پیچیدہ چھتوں، دیواروں کی تعمیرات کو سادہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے 58شاپنگ مالز میں واقع تمام برانڈز اور لوکل دکانوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرائی رومز کے حوالے سے اپنے معاملات بہتر بنائیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم شہر بھر کے شاپنگ مالز کی دکانوں میں خواتین کے ٹرائی رومز کے معائنے کے باوجود چھ رکنی کمیٹی کی رپورٹ سامنے آنے کے باوجود تاحال کسی قسم کی کوئی کارروائی سامنے نہیں آ سکی جبکہ دوسری طرف حبیب جالب روڈ پر خفیہ کیمرے کے مقدمے کے اندراج کے باوجود اصل حقائق سامنے نہیں آ سکے۔ ایف آئی اے پولیس اور انتظامیہ تمام تر تحقیقات اور تفتیش کے باوجود اصل حقائق سامنے لانے میں ناکام ہے جس پر شہریوں کی طرف سے مسلسل احتجاج سامنے آ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق انسپکشن ٹیم نے 42 آئوٹ لٹس کو مشکوک قرار دیا کہ ان کے ٹرائی رومز میں خفیہ کیمرے یا ریکارڈنگ سسٹم نصب کیا جاسکتا ہے۔