مسلم لیگ ن گالی گلوچ بریگیڈ وزیراعظم بھی اس کا حصہ بن چکے: اعتزاز
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ میں قائد حزب اختلاف و رہنماء پیپلزپارٹی سنیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہے‘ مسلم لیگ (ن) گالم گلوچ بریگیڈ بن گئی ‘ تشویش کی بات یہ ہے کہ وزیراعظم بھی اس بریگیڈ کا حصہ بن چکے ہیں‘ وزیراعظم کو لگتا ہے کہ ان کو کئی معاملات میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا‘ چور اچکے کی کہیں بھی بات ہو تو مریم اسے اپنے بابا کے اوپر لے لیتی ہے‘ مریم نواز کو یقین ہے کہ چور ڈاکو کو للکارا جائے تو سمجھو ان کے والد کا نام لیا جارہاہے۔ وہ منگل کو یہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گالم گلوچ بریگیڈ بن گئی ہے نواز شریف اور مریم نواز بھی اس بریگیڈ کا حصہ ہیں۔ دونوں نے مسلم لیگ (ن) کے ماموں‘ چاچوں پر بہت دبائو ڈال دیا ہے۔ کچھ ماموں چاچوں کو ٹرک سے اتار کر سڑک پر پھینک دیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی اسی ٹرک پر دوبارہ سوار ہونا چاہ رہے ہیں۔ مریم کو کیسے خیال آیا کہ چور اچکے کی بات ہو تو ان کے والد کا ذکر ہے۔ انہیں یقین ہے کہ چور ڈاکو کو للکارا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ ان کے والد کا نام لیا جارہا ہے۔