خالدہ پروین نے مرحوم شوہر پر اراضی قبضہ کا الزام سینیٹ میں اٹھا دیا
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کی سینیٹر خالدہ پروین نے اپنے مرحوم شوہر میاں محسن علی قریشی پر زمینوں پر قبضہ کے الزامات کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا ہے اور کہا ہے کہ میرے شوہر کی وفات کو چار سال ہو چکے ہیں چھ سال تک وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہے وہ کیسے کسی کی زمین پر قبضہ کر سکتے تھے چیئرمین سینیٹ نے میڈیا کے متعلقہ ادارے کو تحریری طور پر اس بارے میں آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔ اس خبر سے ہمیں انتہائی اذیت ہوئی ہے اس پر معذرت کی جائے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ اس بارے میں متعلقہ اخبار کو نکتہ اعتراض میں اٹھایا گیا معاملہ تحریری طور پر بھجوا دیا جائے ایوان میں سیاسی جماعتوں، انتظامیہ اور ملز کے گٹھ جوڑ پر گنے کے کاشتکاروں کے مسلسل استحصال کا معاملہ بھی اٹھایا گیا خالدہ پروین نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا گیا ہے حکومت 180روپے فی من گنے کی خریداری کے فیصلے کے نفاذ میں ناکام ہو گئی ہے سو روپے اور 120روپے پر گنا خریدا جا رہا ہے سڑکوں پرٹرالیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں کاشتکاروں کو پرمٹ ہی نہیں مل رہے حکومت گنے کے کاشتکاروں سے بھی روٹی کپڑا مکان چھین رہی ہے۔