مقبوضہ کشمیر: بڈگام میں شہید کشمیری سپرد خاک، بھارتی فوج کی جنازہ کے جلوسوں پر شیلنگ، متعدد زخمی
سرینگر (اے این این+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں ۔گزشتہ روز ائر سٹیشن کے باہر مارا جانے والے شہری کو بڈگام سپردخاک کر دیا گیا ہے جس کے اہل خانہ نے دماغی توازن خراب ہونے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر و جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کے آبائی علاقے سویہ بگ میں حبیب اللہ کی شہادت پر مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بھارتی فورسز نے حبیب اللہ کی نماز جنازہ کے جلوس پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی لوگوں نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے جلوس برآمد کیا۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں پیلٹ گن کے استعمال سے زخمی ہونے والے شہریوں نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عوامی اتحاد پارٹی کے صدر انجینئر رشید نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں فوجی آپریشنوں میں شامل بھارتی فوج ، پولیس اور انتظامی افسران کے احتساب کیلئے بین الاقوامی سطح کے آزادانہ کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ مسلم لیگ جموں وکشمیر کے رہنما محمد اسداللہ پرے سمیت 4 افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی پی ڈی پی نے کہا ریاست کو خصوصی پوزیشن والی بھارتی آئین کی دفعہ 370 ریاست کے بھارت سے الحاق کی بنیاد ہے۔ سینٹرل جیل سری نگر کے ایک قیدی کی پولیس حراست سے فرار کے بعد سینٹرل جیل میں قید 25عسکریت پسندوں کو جموں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی فوج شہریوں کے خلاف آپریشنوں کے دوران بلٹ پروف گاڑی شرپا کا استعمال کرے گی۔ مذکورہ گاڑی10کلو وزنی بارودی سرنگ سے بھی محفوظ رہ سکتی ہے۔