یتیم بچے کی کفالت اور اسے تعلیم دینا بہترین عمل ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے آرفن ہوم ’’آغوش‘‘ کے زیر اہتمام ’’قائد ڈے‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے سوسائٹی میں تشدد اور انتشار بڑھ گیا۔ اللہ کے رسول ؐ نے بھی یتیم بچے کی کفالت اور تعلیم و تربیت کو بہترین عمل قرار دیا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آغوش ڈاکٹر نعیم مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام قائم آرفن ہوم ’’آغوش‘‘ میں سینکڑوں بے سہارا بچوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹاف، تعلیمی، تربیتی، رہائشی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ تقریب میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، عالمی شہرت یافتہ نقیب تسلیم صابری، معروف نعت خوان شہباز قمرفریدی، کرنل (ر) محمد مبشر، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، فرح ناز، شاہد لطیف، عمران بٹ، محمد عامر، رانا محمد فاروق اور ادارہ آغوش کے اساتذہ اور ذمہ داران نے شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 67 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بچپن میں ہی اپنے مستقبل کے اہداف اور نصب العین طے کر لیا تھا اور وہ اسی نصب العین کے اوپر زندگی کا ہر دن گزار رہے ہیں۔ انہوں نے بے سہارا بچوں کیلئے ادارہ ’’آغوش‘‘ قائم کیا۔