سی پیک منصوبوں کا تحفظ،چین 5سال سے بلوچ عسکریت پسندوں کیساتھ خاموش مذاکرات کررہا ہے: برطانوی اخبار
لند ن (آن لائن) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت 60 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں کو محفوظ بنانے کے لئے چین 5 سال سے زائد عرصے سے بلوچ عسکریت پسندوں سے خاموش مذاکرات کررہا ہے۔ اخبار کی رپورٹ میں اس بات کا دعویٰکیا گیا‘ مذاکرات کے بارے میں معلومات رکھنے والے تین افراد نے بتایا بلوچستان میں بیجنگ عسکریت پسندوں سے براہ راست رابطے میں ہے۔ اس بارے میںایک پاکستانی اہلکار نے بتایا اس معاملے میں چین نے خاموشی سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اگرچہ کچھ علیحدگی پسندوں کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کوئی طاقتور اثر نہیں دکھا سکے۔اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا اگر چہ پاکستان کو مذاکرات کے بارے میں معلومات نہیں لیکن پاکستانی حکام کی جانب سے بلوچ باغیوں اور چینی سفارتکاروں کے درمیان مذاکرات کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ اس بارے میں اسلام آباد کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا اگر بلوچستان میں امن قائم ہوتا ہے تو آخر میں اس کا فائدہ دونوں کو ہوگا۔ ایک اور اہلکار کا کہنا تھا امریکہ کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کی سکیورٹی امداد معطل کرنے کے بعد اسلام آباد میں متعدد افراد کی جانب سے اس بات پر یقین کا اظہار کیا گیا کہ چین ہمارا اصلی ساتھی ہے اور امریکیوں کے مقابلے میں چینی یہاں رہتے ہیں اور پاکستان کی مدد کرتے ہیں جبکہ امریکیوں پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔