سٹون کرشنگ سے نکلنے والی گرد ناسور‘ حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے: چیف جسٹس
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز سٹون کرشنگ کیس میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو صوبوں کے ایڈووکیٹس جنرل اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر معاملے کے حل کی تجاویز دینے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سٹون کرشنگ کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سٹون کرشنگ سے نکلنے والی ڈسٹ ناسور ہے، اس سے بچائو کے حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو لوگ اس ناسور کاشکار ہو چکے ہیں ان کا کیا ہو سکتا ہے۔ اٹارنی جنرل صوبوں کے ایڈووکیٹس جنرل اور تمام سٹیک ہولڈر معاملے پر غور کریں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ حکام بیٹھ کر اس معاملے پر غور کریں، آگاہ کریں کہ مزید کیا تجاویز دینے کی ضرورت ہے۔ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔