نواز شریف جیل جانے سے نہیں ڈرتے: پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ نواز شریف جیل جانے سے نہیں ڈرتے اور وہ ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، مشرف کے دور میں 14ماہ سخت جیل کاٹی اور 40دن تک منتخب وزیراعظم کو اغواء کرکے رکھا گیا، ہم نے عدلیہ کے ادارے پر نہیں بلکہ عدلیہ کے کچھ فیصلوں پر بات کی، عمران خان کے ٹی وی انٹرویوز چلا کر دیکھ لیں اور مریم نواز کے بیانات بھی چلا لیں حقیقت سامنے آ جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر نواز شریف منتخب وزیراعظم نہ ہوتے اور انہوں نے ملک کو لوٹا ہوتا تو ان کو کوئی نہ پوچھتا، ہمارے اردگرد ایسے بے شمار چہرے پھر رہے ہیں جنہوں نے ملک کو لوٹا مگر انہیں اس لئے نہیں پوچھا جاتا کیونکہ وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوتے، چونکہ نواز شریف صاحب کو ہرایا نہیں جاسکتا، اس لئے انہیں یہ معاملات درپیش ہیں۔