وزیراعظم کی باگ ڈور نااہل کے ہاتھ میں ہے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی باگ ڈور نا اہل کے ہاتھ میں ہے۔ کٹھ پتلی کو بھی ’’ٹکر ‘‘مارنے کا ایجنڈا دے دیا گیا۔ پارلیمنٹ ججز کی بجائے نا کام خارجہ پالیسی، نا اہل وزیر اعظم کی لوٹ مار، غیر ملکی قرضوں، انسانی حقوق اور لاء اینڈ آرڈر کی بربادی پر بحث کرے، ایک فرد کی کرپشن کو تحفظ دینے کیلئے قانون بنیں گے تو پارلیمنٹ پر انگلیاں بھی اٹھیں گی۔ چیف جسٹس نے درست کہا کہ آئین پارلیمنٹ سے بھی سپریم ہے مگر مافیا اسے ماننے کو تیار نہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ پہلے بھی کہا تھا پھر کہہ رہا ہوں نواز شریف ججز اور جرنیلوں کے تقرر و تبادلہ کے حوالے سے ایس ایچ اوز والے اختیارات چاہتے ہیں وہ اپنے مادر پدر آزاد اقتدار کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ سپریم کورٹ اور فوج کو سمجھتے ہیں۔ ن لیگ کا حالیہ عرصہ اقتدار فوج اور عدلیہ پر شرمناک حملوں کے واقعات بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک چور اور ڈاکو کو پارٹی کا صدر بنایا گیا یہ مفروضہ نہیں ایک حقیقت ہے جو شخص ایک سال اپنی آمدن اور اثاثوں کے ذرائع نہ بتا سکا ہو وہ چور، ڈاکو نہیں تو کیا ہے؟ انہوں نے کہاکہ جو شخص قومی اداروں میں اپنے مالشیے اور بوٹ پالشیے مسلط کرے اور اداروں کو یر غمال بنا لے وہ سسیلین مافیا نہیں تو کیا ہے ؟ جو بے گناہوں کے قتل عام کے منصوبے بنائے اور عمل بھی کرائے وہ قاتل نہیں تو کیا ہے؟