تحریک انصاف کی حکومت آئی تو صوبے میں امن ،خوشحالی اور سرمایہ کار واپس آگئے: پرویز خٹک
صوابی، پشاور ( نامہ نگار+ بیورو رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویزخٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آنے سے پہلے صوبے میں بدترین دہشت گردی، اقرباپروری اور بدامنی تھی ،ہر طرف دھماکے تھے ،لیکن جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو صوبے میں امن ،خوشحالی اور سرمایہ کار واپس آگئے ،آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے ۔ایک دھماکے سے بھاگنے والے آج تحریک انصاف کی حکومت میں کھلے عام جلسے کررہے ہیں ،اُن لوگوں کو تحریک انصاف کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا کہ اے این پی اتنی منحوس پارٹی ہے جب پہلی بار اقتدار میں آئی تو پورے صوبے میں کپڑا نہیں تھا ۔