کاشتکار کپاس کی زیادہ پیداوار کے لئے منظور شدہ بیج استعمال کریں : ترجمان
لاہور(نیوزرپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکارآئندہ کپاس کی فصل سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کپاس کاترقی دادہ اور منظور شدہ بیج کاشت کیلئے استعمال کریں اور غیرقانونی ڈبل اور ٹرپل جینز بیج کی خریداری سے اجتناب کریں۔کاشتکار کسی بھی ایسے بیج کی خریداری نہ کریںجس پر فیڈرل سیڈ سرٹیفکشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نیلے رنگ کا لیبل یا ٹیگ نہ لگا ہو۔ترجمان نے بتایا کہ نیلے رنگ کے ٹیگ/ لیبل پر بیج کا لاٹ نمبر،پیداوار کا سال اور شرحِ نمو کے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں۔ترجمان نے متنبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے بیج کی " ٹرپل جین ورائٹی " منظور نہیں کی گئی جبکہ" ڈبل جین ورائٹی" CEMB-33 اورCA-12 منظورشدہ ہیں لیکن بوقت خریداری کاشتکارسیڈ بیگ پر لیبل ضرور چیک کر لیں۔