احتساب عدالت نواز شریف کیخلاف دو ضمنی ریفرنسز پر کل سماعت کریگی
اسلام آباد(آن لائن‘ آئی این پی) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب کی جانب سے دائر 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر کردیئے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ سٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا تھا۔عدالت نے ضمنی ریفرنسز پر اعتراضات مسترد کر کے اسے عبوری ریفرنس کا حصہ بنا دیا تھا جن پر سماعت کل ( 22 فروری) کو ہوگی۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث دلائل دیں گے اور اسی روز اعتراضات بھی سنے جائیں گے۔ نیب نے ضمنی ریفرنسز میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیدیا۔خیال رہے کہ 22 فروری کو ہی ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت ہوگی جس کے لئے نیب کی پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ سردار مظفر عباسی لندن پہنچ گئے جن کی موجودگی میں 2 غیرملکی گواہوں کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنسز میں کہا گیا نواز شریف تمام اثاثوں کے خود مالک تھے اور انہوں نے اثاثے اپنے بچوں کے نام بنا رکھے تھے اور ان کے بچے نواز شریف کے بے نامی دار تھے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت اور ان کی تقاریر پر پابندی کی درخواست کو لاہور ہائیکورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہونے کے باعث 26 فروری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ایک مقامی وکیل مخدوم نیاز کی جانب سے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت اور تقاریر پر پابندی کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اسی نوعیت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیرسماعت ہے، پہلے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کا انتظار کرلیتے ہیں کہ وہاں کیا ہوتا ہے۔جس کے بعد عدالت نے درخواست کو 26 فروری کے لیے مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
ضمنی ریفرنس