رائل پام کیس: جاوید اشرف قاضی، 3 ریٹائرڈ جرنیلوں کے خلاف ریفرنس کی منظوری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے موجودہ اور سابق وزراء کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مشرف دور میں اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے والے تین ریٹائرڈ جنرلز کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے مشرف دور میں ریلوے کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف قاضی، وفاقی سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سعید الظفر، میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ، سابق ڈائریکٹر اختر علی بیگ اور متعدد افسران کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ان پر قومی خزانے کو دو ارب روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ وزیر ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کے خلاف 12 میڈیکل کالجوں کے الحاق میں بدعنوانی کی شکایت کی جانچ پڑتال ہو گی۔ وزیر صحت بلوچستان رحمت بلوچ، سندھ کے سابق وزیر عبدالرؤف صدیقی اور عادل صدیقی جبکہ سابق ناظم پشاور اور موجودہ ایم پی اے طماش خان کے خلاف انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے اجلاس میں کہا ہے کہ احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی دبائو یا سفارش کو خاطرمیں نہیں لایا جائے گا۔ سابق چیئرمین واپڈا طارق حمید‘ سابق ممبر پاور انور خالد‘ سابق ممبر فنانس امتیاز انجم، سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کیخلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
نیب/ریفرنس