حیدرآباد کے یو سی چیئرمین نے فاروق ستار کے انٹرا پارٹی الیکشن مسترد کر دیئے
حیدرآباد (نمائندہ نوائے وقت) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی اور موجودہ چیئرمین یوسی21 صلاح الدین نے پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھرلو قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ ایم کیو ایم کے حال ہی میں ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ وہ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے کوئی تیاری نہیں کی گئی اور اچانک پارٹی امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا۔ جو میرٹ کی کھلی پامالی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی کے درمیان اختلافات پیدا ہونے کے بعد ایم کیو ایم حیدرآباد کے ممبران تاجران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے ان کے گھر پر جاکر آپس میں اتحاد قائم رکھنے کے لئے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے شہید کئے گئے کارکنان کے ورثاءسے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پارٹی میں اختلافات کے خاتمے کیلئے ایم کیو ایم سربراہ فاروق ستار اور اراکین رابطہ کمیٹی کے پاس جائیں اور انہیں متحد ہونے کی اپیل کریں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں میرٹ قائم کئے بغیر اتحاد قائم نہیں رہ سکتا۔
انٹرا پارٹی الیکشن مسترد