پیپلز پارٹی عوام کی طاقت کا سر چشمہ ہے ،حبیب جنیدی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز لیبر بیورو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل قوت اُس کی عوام تک براہ راست رسائی کی صلاحیت ہوتی ہے جس کی بنیاد پر وہ سیاسی ، سماجی اور قومی مسائل کے حل کے لئے مؤثر اقدامات اُٹھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی نے اپنے قیام کے روزِ اوّل سے عوام کو طاقت کا سر چشمہ قرار دیا اور آج بھی وہ اسی طاقت سے رہنمائی اور توانائی حاصل کرتی ہے ۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ سندھ میں صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو اور کراچی ڈویژن میں ایم پی اے سعید غنی کی قیادت میں رکنیت سازی کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔انہوں نے صنعتی اداروں ،ملز،فیکٹریز اور دفاتر سے منسلک ورکنگ کلاس اور چھوٹے تاجروں سے اپیل کہ وہ آگے بڑھ کر اس مہم میں حصہ لیں۔