سندھ حکومت بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائے‘ سی پی این ای
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سندھ حکومت اور سندھ حکومت سے ملحقہ اشتہاری ایجنسیوں کے ذمہ واجب الادا بقایاجات کی اخبارات کو عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اور اس سے ملحقہ اشتہاری ایجنسیوں کی جانب سے عدم ادائیگیوں کی وجہ سے اخباری اداروں میں پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے صحافی اور دیگر عملہ تنخواہوں اور اجرتوں میں تاخیر کے باعث مالی مشکلات اور فاقہ کشی کا شکار ہو گئے ہیں اور اخباری ادارے اپنی اشاعت بند کرنے کی دہلیز پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ قرارداد سی پی این ای کے نائب صدر عامر محمود کی زیر صدارت سندھ کمیٹی کے اجلاس میں منظور کی گئی۔ سیکریٹری جنرل اعجازالحق سے حکومت سندھ کے محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری نے 21 فروری تک بقایاجات کی ادائیگیوں کا عمل شروع کرنے کا حتمی وعدہ کیا ہے، لہٰذا اس بات کی امید کرتے ہیں کہ حتمی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے اخبارات کو واجبات کی ادائیگیوں کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔ قبل زایں سی پی این ای کے سینئر رکن ممتاز صحافی اور روزنامہ بلوچستان ایکسپریس کے چیف ایڈیٹر صدیق بلوچ (مرحوم) کی صحافتی و سماجی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی۔