نیب کے زیر تفتیش سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای اومیاں جاوید کیمپ جیل میں دل کا دورہ پڑنے انتقال کر گئے
سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای اومیاں جاوید کیمپ جیل میں دل کا دورہ پڑنے انتقال کر گئے، میاں جاوید یونیورسٹی کیمپس کے غیر قانونی کیس کے معاملے میں جوڈیشل ریمانڈ پر تھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میاں جاوید کو دل کا دورہ پڑنے سے فوری متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے فوری ایکشن نہ لینے کے باعث میاں جاوید کی حالت غیر ہو گئی، کچھ دیر بعد متعلقہ انتظامیہ میاں جاوید کو ہسپتال منتقل کرنے لگی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ سرگودھا یونیورسٹی لاہور سب کیمپس کے چیف ایگزیکٹیو پروفیسر میاں محمد جاوید کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا،میاں جاوید کے انتقال کے بعد ان کے ورثا کی جانب سے پولیس سے درخواست کی گئی کہ ان کی ہتھکڑیاں اتار دی جائیں لیکن لاہور پولیس کے ملازمین نے ہتھکڑیاں اتارنے سے انکار کر دیا، مجسٹریٹ کے آنے کے بعد میاں جاوید کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں اتاریں گئیں۔۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر پروفیسر جاوید کے انتقال کے بعد کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جس میں ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی دیکھی جا سکتی ہیں۔جاں بحق پروفیسر کے ساتھ اس سلوک پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ پروفیسر میاں محمد جاوید سمیت دیگر افراد کو نیب نے اکتوبر میں گرفتار کیا تھا۔ادھر نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ میاں جاوید کی موت نیب کی حراست میں نہیں ہوئی، میاں جاوید سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے.