سعودیہ کے بعد یو اے ای کا بھی پاکستان کے سٹیٹ بنک میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان، وزیراعظم کی طرف سے اعلان کا خیرمقدم
سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کر نے کا اعلان کردیاہے، یہ رقم سٹیٹ بینک میں رکھوائی جائے گی۔ محکمہ ابوظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے کہا کہ آئندہ چند د نوں میں یہ رقم پاکستانی بینک میں جمع کرا دی جائے گی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو سہارا ملے گا۔ یو اے ای پاکستان میں مختلف منصوبوں پر بھی سرمایہ کاری کر رہا ہے جن میں توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدالذیبی نے سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا کہ ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے تین ارب ڈالرکی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع ہونے والی رقم کا مقصد پاکستان کی مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط کرنے کے علاوہ پاکستان کے مالیاتی استحکام میں مدد دیناہے،یواے ای سفیر نے کہا کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی مدد دونوں ممالک کے عوام کے تاریخی رشتے اور ان سماجی و ثقافتی تعلقات کی بنیا د پر ہیں جن کے ذریعے دونوں ممالک صدیوں سے آپس میں جڑے ہوئے ہیں جبکہ باہمی تعلقات مختلف شعبوں میں وسیع البنیاد تعاون کی عکاسی کرتے ہیں، دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں نہایت فراخدلی سے پاکستان کا ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا مشکور ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ اماراتی حکومت کا تعاون ہماری دوستی اور دہائیوں پر محیط تعلقات کا عکاس ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاونٹ میں تین ارب ڈالر جمع کرانے کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا جس سے معیشت پر دبا وکم ہو کر معیشت کو سہارا ملے گا،یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی تھی۔ اعلامیے میں کہا گیا دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعلقات کو طویل مدت سٹرٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔دورے کے دوران وزیراعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد سے تجارت کے فروغ، دو طرفہ تعلقات میں اضافے، علاقائی اور عالمی امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔واضح رہے پاکستان کو بیرونی اور مقامی ادائیگیوں کیلئے 12 ارب ڈالر درکار تھے۔ اس کے علاوہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کیلئے فارن کرنسی کی بھی ضرورت تھی۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا.
I want to thank the UAE govt for supporting Pakistan so generously in our testing times. This reflects our commitment and friendship that has remained steadfast over the years.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 21, 2018
آزمائش کی گھڑی میں نہایت فراخدلی سے پاکستان کا ساتھ دینے پر میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کا مشکور ہوں۔ اماراتی حکومت کا تعاون ہماری دوستی اور دہائیوں پر محیط تعلقات کا عکاس ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 21, 2018