سانحہ پشاور میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، بے نقاب کیا جائے: ڈاکٹر وسیم اختر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ اسلامی قوانین پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں موجود خرابیوں کا خاتمہ اور ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ اسلام کے نام پر ملنے والے ملک میں انگریزوں اور ہندوئوں کا قانون رائج ہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کی جائے۔ یورپی یونین کے دبائو پر پھانسیوں کی سزا معطل کرنے والے اگر اللہ کے حکم کی پابندی کرتے تو آج امن و امان کی صورتحال مختلف ہوتی۔ انوہں نے کہا کہ پشاور سانحہ پاکستان کا نائن الیون ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا۔ بچوں کو خون نہلنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ سانحہ پشاور میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اسے بے نقاب کرنا چاہئے۔ امریکہ، بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا ملک و قوم مزید کسی عدم استحکام اور قتل و غارت گردی برداشت نہیں کر سکتے۔ امن کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔