ٹریفک حادثات: 2 افراد جاں بحق‘ 22 زخمی‘ گاڑی کی زد میں آنیوالا نوجوان چل بسا
لاہور + فیروز والا (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق‘ 22 زخمی ہو گئے۔ دو روز قبل زخمی ہونے والا 30 سالہ نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں ائر لائن کی گاڑی نے سائیکل سوار کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر نعش مردہ خانے بھجوا دی۔ کوٹ رادھاکشن کا رہائشی 40 سالہ لطیف سائیکل پر جنوبی چھاؤنی کے علاقے نادرا آباد سے گزر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی ائر لائن کی گاڑی نمبر GF-4524 نے اس کو ٹکر مار دی۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کے ڈرائیور طارق کو حراست میں لے لیا۔ تھانہ چوہنگ کے علاقے میں جمعہ کے روز تیز گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والا نامعلوم شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق سڑک عبور کر رہا تھا کہ اچانک کار کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا تھا جو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ نعش مردہ خانہ جمع کروا دی ہے۔ ورثا کے ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ بیگم کوٹ (چٹھہ کالونی) کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار کو روند ڈالا۔ جسے بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا۔ جہاں پر نوجوان محمد یونس دم توڑ گیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ جی ٹی روڈ پر چوڑا راجپوتاں کے قریب مسافروں سے بھری ہوئی تیز رفتار بس الٹنے سے 22 مسافر زخمی ہو گئے۔ جن کو قریبی آبادی کے لوگوں نے بس سے باہر نکالا اور طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ چار زخموں کی حالت نازک بیان کی گئی ہے۔ بس شکرگڑھ سے لاہور آ رہی تھی۔