دہشت گردی کیخلاف جنگ تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر جیتیں گے: نوازشریف
لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشر یف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کو دہشت گردی سے پاک کر کے امن کو گہوارہ بنا کر ہی دم لے گی‘ دہشت گردی کے خاتمے سے ہی ملک میں سر مایہ کاری آئیگی اور بیروز گاری سمیت دیگر مسائل مکمل طور پر حل ہونگے۔ مسلم لیگ( ن) کی حکو مت قوم کو کسی سطح پر مایوس نہیں کریگی۔ وہ رائے ونڈ میں وزیراعلیٰ شہباز شر یف سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے ملک کی امن وامان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ سمیت دیگر امور پر آئندہ کی حکمت عملی طے کی جبکہ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو پنجاب کی جیلوں سمیت دیگر مقامات پر کئے جانیوالے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے بر یفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا ہم قومی امنگوں کے مطابق ہی فیصلے کر یںگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک کی تر قی وخوشحالی اور امن کے دشمن ہیں اور پوری قوم متحد ہو کر ہی ان دہشت گردو ں کو ہمیشہ کیلئے نشانہ عبرت بنا سکتی ہے۔ قبل ازیں عرب امارات کے شہزادوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے پوری طرح متحد ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کے خلاف سینہ سپر ہیں، تمام تر توجہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز ہے، دہشت گردوں کو شکست دیکر ہی سانس لیں گے، دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں کی قر بانیوں کی قدر کر نا ہو گی، پاکستان صرف اپنے ملک ہی نہیں پوری دنیا میں امن کے قیام کا حامی ہے اور امن سے دنیا میں مزید تر قی وخوشخالی آسکتی ہے، ملک وقوم کی تر قی وخوشخالی کیلئے حکومت عوامی منصوبوں اور ریلیف کے کاموں پرتیز رفتاری سے عمل پیرا ہے۔ شہزادوں نے سانحہ پشاور پر فاتحہ خوانی کی اور بچوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے جبکہ وزیراعظم نوازشر یف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کا دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا دہشت گردی کو شکست دینے کی طرف پہلا قدم ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے مکمل چھٹکارا دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور دہشت گردوں کو اب فرار کی جائے پناہ نہیں ملے گی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارت کے شہزادوں کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جہاں ضرورت پڑی متحدہ عرب امارات پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے پہلا قدم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا دہشت گردی کے خاتمے کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے پوری طرح متحد ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کے خلاف سینہ سپر ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا دہشت گردی کی شکست کی طرف پہلا قدم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر جیتیں گے، ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا دلائیں گے۔