ڈسکہ: عمرہ پیکج کے نام پر 50 کروڑ کا فراڈ، ٹریول ایجنسی مالک فرار، متاثرین کا مظاہرہ
ڈسکہ (نمائندہ خصوصی) عمرہ پیکج کے نام پر سب سے بڑا فراڈ،ٹریول ایجنسی کا مالک50کروڑ روپے کا فراڈ کر کے راتوں رات فرار، متاثرین کا شدید احتجاج۔ تفصیل کے مطابق سٹیڈیم روڈ بالمقابل سول ہسپتال ڈسکہ میں واقع نمرہ ٹریول ایجنسی کے مالک حاجی اکرم نے عمرہ پیکج کے نام پر تحصیل ڈسکہ، پسرور، نارووال، سیالکوٹ، شکرگڑھ اور چونڈہ وغیرہ سے لوگوں سے 4ہزار پاسپورٹ اور تقریباً 50کروڑ سے زائد رقم عمرہ ویزہ کیلئے لی ہوئی تھی لوگوں کو ٹکٹ اور پاسپورٹ لینے کیلئے بلوایا جب لوگ آئے تو ٹریول ایجنسی میں تالے لگے ہوئے تھے آس پاس کے لوگوں نے پوچھنے پر بتایا کہ وہ تو اپنا سارا سامان لے کر یہاں سے جاچکے ہیں۔ متاثرین یہ سن کر رونے لگے اسی دوران پتہ چلنے پر دیگر متاثرین بھی جمع ہوگئے جنہوں نے ٹریول ایجنسی کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ متاثرین میں حافظ اشرف نارووال جس نے21 پاسپورٹ، نثار احمد سیالکوٹ نے9 پاسپورٹ اور7لاکھ روپے، مشتاق احمد چونڈہ نے 59 پاسپورٹ اور55 لاکھ روپے، حاجی عبداللطیف نے 11 پاسپورٹ، ثنااللہ انجم ڈسکہ نے5پاسپورٹ اور 5لاکھ روپے، سید شوکت غازی پور تلواڑہ سیالکوٹ نے265 پاسپورٹ اورڈھائی کروڑ روپے، محسن نذیر غازی پور نے 4پاسپورٹ اور2لاکھ 60ہزار روپے، میاں منیر سیالکوٹ نے 11پاسپورٹ اور7لاکھ روپے، سجاد ڈسکہ نے 45 پاسپورٹ اور33لاکھ روپے، یعقوب چونڈہ نے30پاسپورٹ اور21لاکھ روپے مدثر ڈسکہ نے 6پاسپورٹ، ممتاز تلواڑہ مغلاں نے5پاسپورٹ، جمیل منڈ نے 2پاسپورٹ، اقبال کنڈل پسرور نے 3پاسپورٹ اورڈھائی لاکھ روپے اور فیصل محمود نے 1پاسپورٹ اور سیالکوٹ کی رہائشی خاتون روبینہ بیگم نے 4سو پاسپورٹ دیئے۔ ایجنسی کے مالک نے لوگوں سے تقریباً 4 ہزار پاسپورٹ اور 50کروڑ سے زائد رقم حاصل کی۔ اس موقع پر متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ ایجنسی کے مالک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جائے اورہماری رقوم واپس دلوائی جائے۔
عمرہ فراڈ