بھارت کبڈی ورلڈ کپ جیت گیا: دھاندلی ہوئی امپائر نے شکایت سنی نہ پانی پینے دیا: پاکستانی کپتان
امرتسر (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) بھارت نے امرتسر میں کھیلے گئے کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ہرا دیا۔ بھارت نے پاکستان کو 3 پوائنٹس سے ہراتے ہوئے مسلسل پانچویں بار کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل جیتا۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔ آخری لمحات میں بعض متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ فائنل میں شکست کے بعد پاکستانی کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے ارکان ایک دوسرے سے لپٹ کر روتے رہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے امپائر کے خلاف شدید احتجاج کیا اور آئندہ بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا جبکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان احمد شفیق چشتی نے شکست پر قوم سے معافی مانگ لی۔ پاکستانی پہلوان کھیل کے دوران بھارت کی طرف سے کی گئی ناانصافیوں پر پھٹ پڑے۔ پاکستانی کپتان احمد شفیق چشتی نے بھارت پر جانبدارانہ کھیل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے شدید دھاندلی کی گئی۔ میچ کے دوران ریفری کھلاڑیوں کو دھمکیاں دیتے رہے۔ بھارت کے پہلوانوں نے تیل لگا رکھا تھا اور انہیں تمام اشیاء دی جا رہی تھیں جبکہ پاکستانی پہلوانوں کو پینے کیلئے پانی بھی نہیں دیا گیا۔ بھارتی مینجمنٹ نے کھیل مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا اور تماشائی بھی میچ کے دوران مداخلت کرتے رہے۔کپتان نے مزید کہا بھارت کی ہر بار کوشش ہوتی ہے ٹائٹل باہر نہ جانے دیا جائے۔ بھارت کو ہار قبول نہیں تو ایونٹ نہ کرائے۔ ایونٹ کرانے ہیں تو انصاف بھی کرنا ہو گا۔ بھارت کی جانب سے ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اگلی بار ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا امپائرز سے شکایت کی تو انہوں نے کوئی بات سننے سے انکار کر دیا اور کہا ’’چل پرے ہٹ‘‘ کوچ پاکستان کبڈی ٹیم راشد نے کہا ریفری نے 2 سے 3 پوائنٹس بھارت کو غلط دئے جو سمجھ سے باہر ہیں ہار تسلیم نہیں کرتے میری نظر میں پاکستان جیت گیا ہے۔نمائندہ سپورٹس کے مطابق فائنل میچ کے مہمان خصوصی بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل، ڈپٹی وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب پاکستان عثمان انور تھے، پاکستان کے کپتان شفیق احمد چشتی کو بیسٹ ریڈرز کا ایوارڈ ٹریکٹر دیا گیا، پاکستان کو ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر چاندی کا تمغہ اور ایک کروڑ کا انعام دیا گیا۔ فائنل بھارت کے شہر بھٹنڈا میں کھیلا گیا۔ میچ میں پاکستان کے کپتان شفیق احمد چشتی نے سب سے زیادہ 17 کامیاب ریڈکئے جبکہ عرفان مانا نے 12اور اکمل شہزاد ڈوگر نے 7 کامیاب ریڈز کئے۔ اس طرح پاکستان سٹاپرز میں مشرف نے سب سے زیادہ 4 سٹاپز کئے جبکہ سجاد گجر نے 2 اور رانا علی شان نے ایک سٹاپ کیا۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری محمد سرور کا کہنا ہے بھارت نے فائنل جیتنے کیلئے روایتی منفی انداز اپنایا اور ہٹ دھرمی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا ناانصافی کی یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر مناسب فورم پر اٹھائیں گے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے تحفظات اور الزامات درست ہیں۔ یہ میچ کسی نیو ٹرل مقام پر ہوتا اور امپائرنگ بھی غیرجانبدار ہوتی تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔