سپریم کورٹ: غداری کیس میں شوکت عزیز کی درخواست واپس، سابق وزیراعظم نے 21 نومبر کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) غداری کیس میںسپریم کورٹ نے شوکت عزیز کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی۔ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کی غداری کیس میں خصوصی عدالت کے21 نومبر کے فیصلے کیخلاف اپیل اعتراض لگا کر واپس کردی۔سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے غداری کیس میں خصوصی عدالت کے 21 نومبر کے فیصلے کیخلاف اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد کی وساطت سے دائر کی ۔ شوکت عزیز نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 3 نومبر کی ایمرجنسی سے کوئی تعلق نہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کسی قسم کی کوئی ایڈوائس بھی سابق صدر پرویز مشرف کو نہیں بھجوائی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے غداری کیس میں ٹرائل کرنے کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراض عائد کیا ہے کہ خصوصی عدالت کے عبوری حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہیں کی جا سکتی، یہ اسکا متعلقہ فورم نہیں ہے۔ رجسٹرار آفس نے سابق وزیر اعظم کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔دریں اثناء سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی خصوصی عدالت کے 21 نومبر کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ مذکورہ درخواستوں کی آئندہ تاریخ سماعت 23 دسمبر ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ سماعت کریں گے۔