کراچی میں پرتشدد واقعات ڈاکٹر سمیت 4 افراد جاں بحق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت)کراچی میں ہفتہ کے روز فائرنگ کے واقعات میں ڈاکٹر سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بفرزون میں لیبارٹری کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر عارف مصطفی جاںبحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر عارف مصطفی عباسی شہید ہسپتال میں میڈیکل آفیسر تھے اور چلڈرن وارڈ میں ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ ادھر لیاری میں کمیلہ سٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک بچہ اور 2نوجوان شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نیو کراچی سیکٹر فائیو سی فور میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ رکشہ سٹینڈ کا ٹھیکہ دار حافظ جمشید سعید جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اسکا کسی سیاسی مذہبی تنظیم سے کوئی تعلق نہ تھا۔ کورنگی نمبر ایک نورانی بستی بنگالی پاڑہ میں الیکٹرانکس کی دکان پر موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 25 سالہ دکاندار سعید اسلام جاں بحق جبکہ ا سکا ساتھی 20 سالہ ایوب شدید زخمی ہو گیا۔ گلستان جوہر بلاک 11 سے ایک خاتون کی جھلسی ہوئی تشدد زدہ نعش ملی۔ 40 سالہ خاتون کی نعش چار روز پرانی اور گندے نالے میں پڑے رہنے سے ناقابل شناخت ہو گئی تھی۔