دہشت گرد سکولوں اور ہجوم والے مقامات کو نشانہ بناسکتے ہیں: خواجہ آصف
اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے پر مزید حملوں کا خطرہ ہے‘ دہشت گردوں کی حمایت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔ رحم کی اپیلیں مسترد ہونیوالے دیگر ملزموں کو بھی سزائے موت دی جائیگی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف جنگ ہماری اپنی جنگ بن چکی ہے، اس جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ملا فضل اﷲ سرحد پار بیٹھ کر پاکستان میں کارروائیاں کر رہا ہے۔ شمالی وزیرستان میں طالبان اور دہشت گردوں کے تمام گروپوں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے جن کے بعد یہ گروپس بند ہوگئے ہیں۔ دہشت گرد سکولوں اور ہجوم والے مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ فوج اور سکیورٹی کے ادارے دہشت گردی کے حملے روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ قومی ایشوز پر اتحاد قائم رکھنا وقت کی ضرورت ہے، عمران خان نے دھرنا ختم کرکے مثبت پیغام دیا۔ دہشت گردوں کیلئے نہرم گوشہ رکھنے والوں اور حمایت کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ بچوں کے قاتلوں کیساتھ کھڑے ہونیوالے پاکستانی نہیں ہوسکتے۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ پاکستانیوں نے ملکر جیتنی ہے، آرمی چیف کے دورہ کابل کے اچھے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ ہماری بقا امن کیساتھ ہے۔
خواجہ آصف