مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں دہشت گرد اسے کمزور نہیں کر سکتے : سیکرٹری جنرل او آئی سی
پشاور/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ آئی این پی+سپیشل رپورٹ) سیکرٹری جنرل او آئی سی عیاض امین نے کہا ہے کہ دہشتگرد پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتے، مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ہفتہ کو او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین نے پشاور کا دورہ کیا اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں سانحہ پشاور کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کا اہم ترین نظریاتی ملک اور اسلام امن، سلامتی اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ میں پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کےلئے یہاں پر آیا ہوں۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، دہشت گرد پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب متحد ہیں۔ اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل سانحہ پشاور پر اظہار افسوس اور اظہار یکجہتی کرنے کے بعد گزشتہ روز واپس جدہ روانہ ہو گئے۔ اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے گورنر ہاﺅس پشاور میں خیبر پی کے کے گورنر سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات کی اور چند روز قبل آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملہ کے المناک واقعہ پر ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد مسلمان تو کیا اپنے لائق مذمت اقدام کی بناءپر انسان بھی نہیں کہلائے جا سکتے۔ یہی نہیں بلکہ یہ اپنے انسانیت سوز اقدام کی بنا پر کسی ہمدردی کے مستحق بھی نہیں اور میرے اس دورے کا مقصد اسلامی کانفرنس تنظیم کی جانب سے گہری احساسات کا اظہار کرنا ہے۔ گورنر نے کہا غم کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ شریک ہونے پر ہم اسلامی کانفرنس تنظیم کے شکرگزار ہیں۔ آئی این پی کے مطابق عیاد امین مدنی نے او آئی سی کی جانب سے بہت جلد پشاور میں مسلم دنیا کے سفراءاور علماءکی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا جس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سفارشات مرتب کی جائیں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر عیاد امین نے کہا تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں اور عوام کو پشاور میں معصوم اور پھول بچوںکے بیدردی سے قتل پرانتہائی دکھ پہنچا ہے اور غم کی اس گھڑی میں پوری امت مسلمہ حکومت، عوام، اہل پشاور اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے ، معصوم بچوں کے قاتلوںاور دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں بلکہ یہ ایک اقلیت ہے اور دہشت گردی انکا مذہب بن چکا ہے، سینکڑوں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری امت مسلمہ کو بھی جگا دیا ہے ، دہشتگرد ی کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کیلئے متفقہ ٹھوس حکمت عملی اور فیصلہ کن اقدامات کی گھڑی بھی آچکی ہے۔
او آئی سی